وینا ملک کی 7 سال بعد اداکاری میں واپسی

وینا ملک 2002 سے 2014 تک اداکاری میں مصروف دکھائی دیں، انہوں نے نہ صرف پاکستانی بلکہ متعدد بھارتی فلموں و ڈراموں میں بھی جوہر دکھائے۔

0 4

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ و میزبان وینا ملک نے تصدیق کی ہے کہ وہ 7 سال بعد جلد ہی اسکرین پر اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

وینا ملک 2002 سے 2014 تک اداکاری میں مصروف دکھائی دیں، انہوں نے نہ صرف پاکستانی بلکہ متعدد بھارتی فلموں و ڈراموں میں بھی جوہر دکھائے۔

تاہم گزشتہ 7 سال سے انہیں کسی بھی ڈرامے یا فلم میں نہیں دیکھا گیا، البتہ انہیں ٹی وی پر میزبانی کرتے ہوئے یا پھر مہمان طور پر پروگرامات میں شامل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

اب اداکارہ 7 سال بعد اسکرین پر دوبارہ ایکشن میں دکھائی دیں گی، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہےکہ وہ اسی سال پردے پر نظر آئیں گی یا پھر اس میں مزید وقت لگے گا؟

 امیجز کے ساتھ بات کرتے ہوئے وینا ملک نے دعویٰ کیا کہ وہ جلد ہی اسٹرینگ ویب سائٹ ’اردو فلکس‘ کی سیاسی و سماجی مسئلے پر بنی سیریز میں نظر آئیں گی۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ مزاحیہ انداز میں سیاست و سماجی حالات پر بنائی جانے والی ویب سیریز کی کہانی معروف مزاحیہ لکھاری ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے لکھی ہے۔

اداکارہ کے مطابق مذکورہ منصوبے پہلے کسی اور چینل یا پلیٹ فارم کے لیے بنایا جا رہا تھا، تاہم اب اسے ’اردو فلکس‘ کے لیے بنایا جائےگا۔

وینا ملک کے مطابق مذکورہ سیریز کے علاوہ بھی ان کے چند دیگر اہم منصوبے جلد شروع ہوں گے، تاہم انہوں نے ان سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کئی سال تک اچھا کام نہ ملنے کی وجہ سے متعدد منصوبوں کو مسترد کر چکی ہیں، تاہم اب انہیں اپنی مرضی کا اچھا کام مل گیا۔

وینا ملک کے مطابق انہوں نے چند ریئلٹی شوز کی پیش کش بھی ٹھکرائی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں شوز کی آفرز پاکستان سے ہوئیں یا پھر سرحد پار سے؟

انہوں نے اپنی سیریز سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ سیریز میں ملک کے سیاسی و سماجی مسائل کو مزاحیہ و ہلکے پھلکے انداز میں سامنے لایا جائے گا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ سیریز پر کب تک کام شروع ہوگا اور فوری طور پر ’اردو فلکس‘ نے بھی اس پر کوئی اضافی معلومات فراہم نہیں کی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ سیریز رواں سال کے اختتام یا پھر آئندہ سال کے آغاز تک ریلیز کی جا سکے گی۔

اگر مذکورہ سیریز رواں برس ریلیز ہوئی تو شائقین 7 سال بعد وینا ملک کو اسکرین پر دیکھ سکیں گے، آخری بار وہ بھارتی تیگلو فلم میں 2014 میں دکھائی دی تھیں۔

وینا ملک کا آخری ٹی وی پروگرام 2016 میں ’مذاق رات‘ تھا جب کہ اس سے قبل وہ اسی طرح کے سیاسی و کامیڈی ٹی وی شوز میں دکھائی دیتی تھیں۔

وہ ماضی میں بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں بھی شرکت کر چکی ہیں جب کہ انہوں نے متعدد بولڈ بولی وڈ فلموں میں بھی اداکاری کر رکھی ہے۔

انہوں نے ہندی سمیت تیلگو اور کنڈا زبانوں کی فلموں میں بھی بولڈ کردار ادا کر رکھے ہیں۔

وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی، جس کےبعد وہ کچھ عرصہ شوبز سے دور بھی رہی تھیں، تاہم 2017 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

اداکارہ کو شادی سے دو بچے ہیں، جو اس وقت وینا ملک کے پاس پاکستان میں ہیں اور بچوں کی حوالگی سے متعلق اداکارہ اور ان کے سابق شوہر کے درمیان عدالتی جنگ جاری ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

Privacy & Cookies Policy