fbpx
پاکستان سیاست

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی سازش ہے، بلاول بھٹو

 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے محترمہ بینظیر بھٹو کا نام مٹانے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف محترمہ بینظیر بھٹو کا نام ختم کرنے کی نہیں بلکہ اس پروگرام کو ہی ختم کرنے کی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج یہ نام مٹائیں گے، کل پیسے کم کریں گے اور پھر اس پروگرام کو ہی بند کر دیں گے اور کہیں گے کہ اس پروگرام سے پیسہ ضائع ہورہا ہے جبکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پیسے کا درست استعمال ہے لیکن ان کی سوچ ہے کہ امیر کو امیر تر اور غریب کو غریب تر بنایا جائے۔

شکارپور ضلع کے علاقے مدیجی کے جنگلات میں پارک قائم کرنے کے حوالے سے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ کراچی سے لاڑکانہ تک ٹرین کا سفر اپنے گھر آنے کے لیے تھا، مگر لوگوں کے جگہ جگہ پرتپاک اور شاندار استقبال نے ہمارے سیاسی مخالفین کو مجبور کر دیا کہ وہ اسے ٹرین مارچ کا نام دیں اور اسے سیاسی مقصد دیں لیکن مجھے تو صرف گھر آنا تھا لیکن میرے اس سفر نے عمران خان کو جلسہ کرنے پر مجبور کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران اٹھارویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں اور ملک میں ون یونٹ قائم کرنا چاہتے ہیں جو نہ ملک کے لیے اچھا ہے اور نہ جمہوریت کے لیے اچھا ہوگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاق سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہا ہے۔ سندھ کے فنڈز روکے جانے کے باعث یہاں پر ترقیاتی عمل متاثر ہو رہا ہے۔ ارسا پانی کے معاملے پر سندھ کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کے حوالے سے ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی اور قبضے چاہے ہماری پارٹی کے لوگوں نے کیے ہوں یا مخالفین نے ان کو ختم کرائیں گے۔ جلد اس حوالے سے پالیسی متعارف کرائیں گے۔ محکمہ جنگلات کی اراضی کو کام میں لا رہے ہیں اور سندھ کے جنگلات کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گا۔


پاک ایشیاء ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ ہماری صحافت کو سرکاری اور کارپوریٹ دباؤ سے آزاد رکھنے کے لیے  مالی تعاون کیجیے نیز اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں اور شیئر کر کے ہماری حوصلہ افزائی کریں

About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.