پی پی 84 خوشاب: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی، جبکہ اس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔

0 12

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب میں جاری ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ 

پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی، جبکہ اس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔

حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ 

لوگوں نے روزے کی حالت میں بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمنٹے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ 

انتخاب کی مانیٹرنگ کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، جو انتخابی نتائج جاری ہونے تک فرائض سر انجام دیتی رہیں گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ 

اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ملک معظم کلو، حکمراں جماعت تحریک انصاف کے علی حسین خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام حبیب کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع ہے۔ 

اس حلقے میں 229 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے، جن میں سے 13 کو انتہائی حساس جبکہ 43 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔

پی پی 84 میں ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے جن میں مرد ووٹرز 1 لاکھ 55 ہزار 104 جبکہ خواتین ووٹرز 1 لاکھ 37 ہزار 583 ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کیلئے 540 رینجرز اور 2 ہزار 800 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔

حساس پولنگ اسٹیشنوں کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جاتی رہی۔

الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے ووٹرز سے ووٹ ڈالنے آنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ووٹرز بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالنے آئیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حلقے میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے یہ ہدایت بھی کی تھی کہ ووٹرز کورونا وائرس کی ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں۔

ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور وہاں کیئے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔

ڈی پی او خوشاب نے ان پولنگ اسٹیشنز پر عملے کو کورونا وائرس کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت بھی کی۔

مٹھہ ٹوانہ بوائز ہائی اسکول میں ایک بزرگ ووٹر روایتی انداز میں سر پر پگڑی، پاؤں میں کھسہ اور دھوتی پہن کر ووٹ ڈالنے کے لیے پہنچے۔

خوشاب کے علاقے جوڑاں کلاں کا رہائشی ایک ٹانگ سے معذور رحیم بخش بھی ووٹ ڈالنے پہنچا جس نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

رحیم بخش کا کہنا تھا کہ ووٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے یہ فرض ادا کرنے آیا ہوں۔

حلقہ پی پی 84 کے پولنگ اسٹیشن 205 پر اس وقت دل چسپ صورتِ حال سامنے آئی جب ایک سادہ لوح خاتون ووٹر بیلٹ باکس میں ووٹ ڈالنے سے لا علم نکلی۔

خاتون ووٹر نے مہر لگانے کے عمل کو خفیہ رکھنے کے لیے رکھی گئی گتے کی اسکرین میں اپنا ووٹ ڈال دیا۔

پتہ چلنے پر پریزائیڈنگ آفیسر نے گتے کی اسکرین سے خاتون کا ووٹ نکال کر خاتون سے بیلٹ باکس میں ڈلوایا۔

خوشاب کے پولنگ اسٹیشن نمبر 81 میں جہاں ووٹر ووٹ کاسٹ رہے تھے وہیں ایک حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دے دیا۔

خوشاب میں واقع دیہی مرکزِ صحت کو پولنگ اسٹیشن نمبر 81 میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں، تاہم وہاں ایک کمرہ لیبر روم کے نام سے بھی مختص کیا گیا ہے جہاں ایک حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دیا ہے۔

نومولود کے والد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا پہلا بچہ ہے، مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ الیکشن کے دن پیدا ہوا ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

Privacy & Cookies Policy