پاکستان سیاست

صدارتی انتخابات: امید ہے امید سے زیادہ ووٹ ملیں گے: عارف علوی

پی ٹی آئی کے رہنما اور صدارتی امیدوار عارف علوی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں انتخاب میں امید سے زائد ووٹ ملیں گے۔

صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں چین سے نہیں بیٹھتا، بہت سے کام کرسکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں دیگر امیدواروں کے مقابلے میں انہیں امید سے زائد ووٹ ملیں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت صوبہ بلوچستان کی پسماندگی اور محرومیوں کو دور کرے گی۔

اپنی تعلیمی قابلیت کے حوالے سے ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ انہوں نے اپنا پہلا ماسٹرز مشی گن یونیورسٹی سے کیا جبکہ دوسرا ماسٹرز کلیفورنیا سے کیا تھا۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انہیں صحابہ کرام رضی اللہ عنہ کے طریقے سے حکومت چلانے کا وژن دیا ہے، تاہم ہم خطا کار ہیں کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہاں تک پہنچ نہیں پاتے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی عمران خان کی طرح کوشش ہوگی کہ حکومتی اخراجات کم کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف کے صدر ہیں اور اپنی آئنی حدود میں رہتے ہوئے دیگر غیر سیاسی مسائل کو حل کریں گے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا عمران خان اپنی جماعت کو ڈکٹیٹر کی طرح چلا رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے امور کے فیصلے تمام اراکین اور اعلیٰ قیادت کی مشاورت سے ہوتے ہیں جس کی بنیاد پر حتمی فیصلہ پارٹی چیئرمین کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ صدرِ مملکت ممنون حسین کے عہدے کی میعاد 8 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے، جبکہ ملک کے نئے صدر کے لیے 4 ستمبر کو انتخاب ہوگا۔

حکمراں جماعت تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔


اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں