fbpx
پاکستان شوبز

سلمان خان کی طرح ہر عید پر میری فلمیں ریلیز ہوتی ہیں : فہد مصطفیٰ

پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ یوں تو آج تک اداکاری کے لیے بھارت نہیں گئے، تاہم وہ بھارتی فلم انڈسٹری اور وہاں کے کامیاب ہیروز کی شہرت سے اچھی طرح واقف ہیں۔

اگرچہ ماضی میں فہد مصطفیٰ یہ اعتراف بھی کرچکے ہیں کہ وہ واحد پاکستانی اداکار ہیں جو بھارت گئے بغیر مشہور ہوئے ہیں۔

تاہم اب انہوں نے خود کو ہی پاکستان کا سلمان خان قرار دے دیا۔

جی ہاں، فہد مصطفیٰ نے گزشتہ چند سال سے ہر عید پر اپنی فلموں کی نمائش کو دیکھتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھی بھارت کے سلمان خان کی طرح ہیں، جو ہر عید پر اپنی فلمیں نمائش کے لیے پیش کرتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی ایشین نیٹ ورک’ سے بات کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے کہا کہ گزشتہ چند سال سے پاکستانی فلم ساز ہر عید پر اچھی فلمیں نمائش کے لیے پیش کرتے ہیں، کیوں کہ شاید ایسے مواقع پر زیادہ لوگ سینماؤں کا رخ کرتے ہیں۔

فہد مصطفیٰ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی گزشتہ چند سال سے عید پر اپنی فلمیں ریلیز کرتے ہیں، جس وجہ سے وہ خود کو پاکستان کا سلمان خان سمجھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عید پر ان کی 2 فلمیں ریلیز ہوئیں اور دونوں کی شوٹنگ بھی ایک ساتھ ہوئی، جس وجہ سے 2 مختلف کرداروں کو ادا کرنا ان کے لیے چیلنج ثابت ہوا۔

ان کے مطابق ان پر فلموں کی کامیابی کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں، کیوں کہ وہ فلموں کے صرف اداکار ہیں، پروڈیوسر نہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی فلم انڈسٹری کو خواتین کے مرکزی کرداروں پر ‘کیک’ جیسی بنائی گئی فلموں سے زیادہ کمرشل مصالحہ فلمیں بنانے کی ضرورت ہے

اداکار نے دلیل دی کہ ابھی لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے ہمیں مصالحہ فلمیں بنانی چاہیے، تاکہ لوگ فلمیں دیکھنے کے لیے سینماؤں کا رخ کریں۔

فہد مصطفیٰ نے رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ‘کیک’ کی تعریف بھی کی۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر فہد مصطفیٰ کی 2 فلمیں ‘جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور’لوڈ ویڈنگ’ ریلیز ہوئی ہیں۔

‘جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے ابتدائی 2 دن میں ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے دنیا بھر سے 10 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔ ساتھ ہی لوڈ ویڈنگ نے بھی اچھی کمائی کرکے اچھا آغاز کیا ہے


اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں

WordPress Video Lightbox Plugin