fbpx
پاکستان سیاست

نواز شریف بیمار:میڈیکل بورڈ کی جانب بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول، یورک ایسڈ اور معدے کی ادویات تجویز کی گئیں۔

 

 سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت خراب ہونے پر سروسز ہسپتال میں تشکیل دیا گیا میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے خون سے متعلقہ ٹیسٹ کی رپورٹس تسلی بخش نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کی اچانک صحت خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعظم کے چیک اپ کے لیے ہسپتال میں 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس کی سربراہی ڈاکٹر محمود ایاز کر رہے ہیں جبکہ اس بورڈ میں سینئر میڈیکل سپیشلسٹ گیسٹروم انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اور فزیشن بھی شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ کی جانب سے نواز شریف کے لیے بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول، یورک ایسڈ اور معدے کی ادویات تجویز کی گئیں۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ تسلی بخش ہیں کچھ نہیں ہیں اور جو تسلی بخش نہیں ان ٹیسٹوں کو دوبارہ کروا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت دی کہ ‘سابق وزیر اعظم کے خون سے متعلقہ ٹیسٹوں کی رپورٹس تسلی بخش نہیں’۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنے بھائی کی عیادت کے لیے سروسز ہسپتال پہنچے۔

ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ‘نوازشریف کے خون کے خلیات خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے، اللہ کا شکر ہے کہ نوازشریف کے منہ یا ناک سے خون نہیں نکلا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘شریف خاندان اور ڈاکٹروں کو فکر ہے کہ نوازشریف کے اچانک کس طرح خون کے خلیات میں کمی واقع ہوئی’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘خون کے خلیات عام طور پر 1.5 سے 4 لاکھ تک ہوتے ہیں لیکن نواز شریف کے وہ کم ہوکر صرف 15 ہزار تک پہنچ گئے تھے، نوازشریف کے خطرناک حد تک خون کے خلیات میں کمی اور اس کی اطلاع نہ دینا بدترین غفلت ہے’۔

شہباز شریف کے ہمراہ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی ملاقات کی تھی۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google