fbpx
دنیا سیاست

آرٹیکل 370کا خاتمہ، ،مقبوضہ کشمیر کے لئے تاریخی فیصلہ : مودی

 ’آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے نتیجے میں جموں و کشمیر اور لداخ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس کی مثال ماضی میں نہیں ملے گی‘۔

نریندر مودی نے کہا کہ ‘گزشتہ 3 دہائیوں میں 42 ہزار معصوم لوگ زندگی کی بازی ہارے، یہ اعداد و شمار آنکھوں میں آنسو لانے کے لیے بہت ہے‘۔

اپنے خطاب میں بھارت کے وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں حکومتی اسکیموں کا تذکرہ کیا اور دعویٰ کیا کہ ’جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے اور انہیں وفاق کے زیر انتظام لانے سے تحفظ ملے گا‘۔

واضح رہے کہ نریندر مودی 2002 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے جن پر امریکا نے اس لیے پابندی لگادی تھی کہ انہوں نے ہندو مسلم فسادات کو رکوانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے تھے جس میں کم از کم ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں زیادہ تر تعداد مسلمانوں کی تھی۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’جموں و کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ لوگ بنیادی سہولیات اور بہتر مستقبل سے محروم ہیں اور اب انہیں بھارت کے دیگر صوبوں کی طرح یکساں سہولیات میسر ہوں گیں‘۔

نریندر مودی نے الزام لگایا کہ ’پاکستان آرٹیکل 370 کی منسوخی کو جواز بنا کر بھارت کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے‘۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو مخاطب کرکے کہا کہ ’میں یقین دلاتا ہوں کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی آپ کو عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے کا پورا حق حاصل ہوگا‘۔

نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ ’آپ کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر میں رہائش پذیر لوگوں کو لوک سبھا کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل تھا لیکن وہ اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکے‘۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کو ’میرے بہن اور بھائیوں‘ کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ ’جموں و کشمیر میں تمام ملازمتوں پر بھرتیاں کی جائیں گی اور نئے نظام کے تحت وفاقی حکومت کی ترجیح ہوگی کہ کشمیریوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ملازمت کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے‘۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق مزید کہا کہ ’کشمیر کی مصنوعات زعفران، کافی، سیب اور خوبانی کو دنیا بھر میں فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے‘۔

نریندر مودی نے کہا کہ ’لداخ کی ہربل ادویات بھی پوری دنیا میں پھیلائی جائیں گی‘۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابات جلد ہوں اور وہاں نئی حکومت تشکیل پائے اور وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہا جائے‘۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہلاک ہونے والے ہزاروں بھارتی فوجیوں نے امن کے لیے اپنی جانیں دیں اور ان تمام فوجیوں کی تمنا تھی کہ کشمیر میں امن ہو اس لیے ہم سب کو مل کر ان کی تمناہوں کو پورا کرنا ہے‘۔

نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ریلوے اور شاہرواں کے نظام میں بہتری لانے کا وعدہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی نمائندوں کے تعاون سے لداخ اور کارگل میں کونسل سازی ہوگی اور وفاقی حکومت مذکورہ علاقوں میں ترقیاتی اسکیمیں تیزی سے متعارف کرائے گی۔

لداخ سے متعلق انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ لداخ روحانی سیاحت کا مزکز بننے کی اہلیت رکھتا ہے جہاں ایڈونچر اور ایکو سیاحت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ لداخ میں وسیع پیمانے پر سولر پاور جنریشن کا نظام نصب کیا جاسکتا ہے۔

آخر میں بھارتی وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارک دیتے ہوئے خواہش کا ظاہر کی کہ عید پر ماحول سازگار رہے گا۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google

WordPress Video Lightbox Plugin