fbpx
پاکستان سیاست

اپوزیشن جو کر لے ، کسی صورت استعفٰی نہیں دوں گا : صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کی قرارداد جمع ہونے پر کوئی پریشانی نہیں اور وہ کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمہوری عمل ہے، قرارداد جمع ہونے پر کوئی پریشانی نہیں، میں بیٹھا ہوں اور اپنا کام کر رہا ہوں۔

اس سوال پر کہ بلاول بھٹونے کہا ہے کہ آپ کومستعفی ہو جانا چاہیے، چیئرمین سینیٹ نے جواب دیا کہ ‘کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا۔’

واضح رہے کہ ملک کی 2 بڑی اپوزیشن جماعتوں کی قیادت پر بدعنوانی کے الزامات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف  کی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایوان بالا میں موجود اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد اور سینیٹ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کروائی تھی۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کو سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کروانے کے لیے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کا ایک اجلاس سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کی صدارت میں ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد کے لیے حکمت عملی اپنائی گئی۔

یاد رہے کہ صادق سنجرانی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے چیئرمین سینیٹ ہیں۔

ایوان بالا کے چیئرمین کو ہٹانے کا فیصلہ 26 جون کو اپوزیشن کی کثیر الجماعتی کانفرنس میں کیا گیا تھا۔

صادق سنجرانی نے گزشتہ برس 12 مارچ کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے 57 ووٹ حاصل کیے تھے، جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفر الحق کو 46 ووٹ ملے تھے۔

About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WordPress Video Lightbox Plugin