fbpx
پاکستان سیاست

سڑک پر چلنے اور سانس لینے پر بھی ٹیکس دینے کا وقت آگیا ہے :حمزہ شہباز

حمزہ شہباز کا کہنا ہے وہ وقت آگیا ہے کہ سڑک پر چلنے اور سانس لینے پر بھی ٹیکس لگے گا۔

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اجلاس میں بجٹ پر تقریر کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پہلے سنتے تھے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے خودکشی کرلیں گے، اس کے بعد اسد عمرنے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے کوئی اور آپشن دیکھیں گے اسی اثنا میں ماہر معیشت نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال قوموں کے لیے غیر ارادی ہوتی ہے ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر یقینی معاشی صورتحال کی وجہ سے جس نے کاروبار کرنا تھا، ملک میں سرمایہ کاری کرنی تھی وہ تشویش کا شکار ہے کہ ہم نے آگے کیسے چلنا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ چند روز قبل مشیرخزانہ نے کہا کہ ڈالر 157 روپے کو چھورہا ہے جو پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں نہیں ہوا، انہوں نے یہ بیان بھی دیا کہ ہماری معیشت کا بحران ہے ہم ڈالر پر قابو نہیں پاسکتے۔

مسلم لیگ(ن) کے نائب صدر نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ڈالر ابھی بہت اوپر اڑان بھرے گا اور یہ پتہ نہیں کہا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے سو ارب روپے کی مدد سے تین میٹرو بنائیں، طلبہ نرسز اور غریب سب میٹرو پر سفر کرتے ہیں اب کرایوں میں اضافے سے وہ کہاں جائیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کے پی میں سو ارب روپے کی مدد سے میٹرو اب تک نامکمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دودھ ،چینی اور آٹے پر ٹیکس لگا دئیے گئے ہیں غریب کا جینا مشکل ہے، وہ وقت آ گیا ہے سڑک پر چلنے اور سانس لینے پر بھی ٹیکس لگے گا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی بدحالی کے دور میں جو بجٹ پیش کیا گیا ہے وہ عوام پر قیامت بن کر ٹوٹا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آئی ایم ایف کی بیرونی مداخلت کا پیش خیمہ ہے جس نے ہماری فیصلہ سازی، پالیسی سازی اور خودمختاری سلب کردی۔

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ آنکھیں شرم سے جھک جاتی ہیں جب عمران خان تین بار مودی کو خط لکھتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ پہلے اپنے ملک سے دہشت گردی ختم کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کرے میں اپنے خدشات پر غلط ثابت ہوں جس طرح غریب کے منہ سے روٹی چھین کی گئی عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے اسٹاک مارکیٹ زمیں بوس ہو چکی ہے، معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر سنجیدگی سے معاشی حل نہ تلاش کیا، سیاست سے اجتناب نہ کیا تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینرزکی سیاست چھوڑ کر ملک کی مفاد کی سیاست کریں، خراب کارکردگی کا بھی موسم ہے چاہے حکومت ہو یا کرکٹ ٹیم، ٹیم کی پرفارمنس سے قوم پریشان ہے۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google