fbpx
پاکستان کرکٹ

ورلڈ کپ 2019َ : پاک بھارت میچ میں بارش کی بیٹنگ جاری

 اس وقت انڈین کپتان ویرات کوہلی اور شنکر میدان میں‌ موجود ہیں, انڈین ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنا لیے ہیں.

پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی اوپنرز کے ایل راہول اور روہت شرما میدان میں‌ اترے اور ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔ انڈین بلے بازوں کے سامنے میں پاکستانی گیند باز بے بس نظر آئے۔

قومی ٹیم کو اس وقت پہلی کامیابی ملی جب لوکیش راہول اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہاب ریاض کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لوکیش راہول نے 78 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی میدان میں روہت شرما کا ساتھ دینے کیلئے اترے۔

انڈین بلے باز روہت شرما نے شاندار کھیل جاری رکھتے ہوئے ون ڈے کیرئیر کی 24ویں سنچری سکور کی۔ ان کی پاکستان کے خلاف یہ دوسری سنچری ہے۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 3 ڈبل سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں۔

میچ کے 39ویں اوور میں پاکستان کو اس وقت کامیابی ملی جب پراعتماد طریقے سے کھیل رہے روہت شرما ایک غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ان کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی جبکہ کیچ وہاب ریاض نے پکڑا۔

روہت شرما نے 113 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 140 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
میچ کے چوالیسویں اوور میں پاکستان کو تیسری کامیابی ملی جب ہاردک پانڈیا محمد عامر کی گیند پر باؤنڈری کے نزدیک بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹے۔ انہوں نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنائے۔
اس کے بعد بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر دھونی میدان میں اترے لیکن صرف ایک رن بنا پائے، ان کی وکٹ بھی محمد عامر کے حصے میں آئی جبکہ وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔
اس وقت بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی 71 جبکہ شنکر 3 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

ٹاس کے بعد سرفراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کو بھلا کر کھیل پر توجہ مرکوز ہے، بھارت کو جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت بڑا مقابلہ ہے، ہم 2 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں آ رہے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ میدان میں 100 فیصد کارکردگی دکھائیں۔

اس موقع پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ جو ٹیم اعصاب پر قابو رکھے گی، وہ میچ جیتے گی۔ باؤلنگ کی بہتر کنڈیشنز موجود ہیں۔ شیکھر دھون کی وجے شنکر کو شامل کیا ہے۔ بیٹنگ کیلئے آج پچ اچھی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک 6 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں لیکن قومی ٹیم آج تک کبھی کامیاب نہیں ہو سکی، ہر مرتبہ فتح انڈیا کا مقدر بنی۔

حالیہ ورلڈ کپ 2019 کی کارکردگی دیکھی جائے تو اب تک انڈین ٹیم ناقابلِ شکست ہے۔ اب تک تین میچوں میں دو کامیابیوں اور ایک بے نتیجہ میچ کی وجہ سے اس کے 5 پوائنٹس ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر انڈین ٹیم اس وقت چوتھے جبکہ پاکستان نویں نمبر پر ہے۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google