fbpx
پاکستان سیاست

جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپور بھی گرفتار

نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی  آصف علی زرداری کی بہن اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو بھی گرفتار کرلیا۔

 فریال تالپور کو ایف ایٹ سیکٹر میں قائم زرداری ہاؤس میں  نظر بند رکھا جائے گا جبکہ اسے ذیلی جیل بھی قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے نیب کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بھی ان کو گھر میں نظر بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نیب کی 5 رکنی ٹیم جس میں ایک خاتون رکن بھی شامل تھی، اسلام آباد میں فریال تالپور کے گھر پہنچی اور انہیں باقاعدہ حراست میں لینے کے بعد انہیں ان کے گھر میں ہی نظر بند کردیا۔

نیب کی خواتین اہلکار ان سے جعلی اکاؤنٹس کیس میں تفتیش کریں گی، جبکہ کہا جارہا ہے کہ اس کیس میں ایسے شواہد موجود ہیں جن کا براہ راست تعلق ان ہی سے ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق فریال تالپور کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ آج (14 جون کو) احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے اپنی بہن کی گرفتاری سے متعلق خدشات کا اظہار کیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا تھا کہ ‘ان کی ہمشیرہ فریال تالپور ایک بہادر خاتون ہیں وہ وارنٹس سے ڈرنے والی نہیں اور اپنے خلاف مقدمات کامقابلہ کریں گی۔’

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد آصف علی زرداری کو 10 جون کو گرفتار کرلیا تھا۔

فریال تالپور بھی اسی کیس میں نامزد تھیں، تاہم ان کے وارنٹ گرفتاری جاری نہ ہونے کی وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WordPress Video Lightbox Plugin