fbpx
پاکستان عدالت

خواجہ برادرز 13 جون کو عدالت میں پیش ہوں گے

لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس میں قید مسلم لیگ (ن) رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو 13 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس کی سماعت کی اور کیس کے دیگر ملزمان ندیم ضیا، عمر ضیا اور فرحان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

علاوہ ازیں عدالت نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے خواجہ برادران سمیت 5 ملزمان کو ریفرنس میں نامزد کیا جبکہ نیب کی جانب سے ملزمان کے خلاف 122 گواہان کو نامزد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف نیب کا ریفرنس 17 فولڈرز پر مشتمل ہے۔

اس سے قبل 31 مئی 2019 کو نیب نے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق سمیت 5 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا تھا، ریفرنس کے مطابق خواجہ برادران پیراگون سٹی میں 93.6 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔

نیب ریفرنس میں ملزمان کی جانب سے 50 کنال سے زائد کی سرکاری اراضی سوسائٹی میں شامل کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا۔

نیب لاہور کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے پیراگون سٹی سے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے فوائد حاصل کیے جبکہ خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کے مالی فوائد حاصل کیے گئے۔

واضح رہے کہ دونوں ملزمان خواجہ سعد رفیق و سلمان رفیق اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WordPress Video Lightbox Plugin