fbpx
پاکستان سیاست

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کے الیکٹرک کو 150 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی منظور

 وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی  نے کراچی میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے قومی گرڈ سے ‘کے الیکٹرک’ کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی۔

 کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں مختلف ڈویژنز کی جانب سے تجاویز اور سفارشات پر بحث ومباحثہ ہوا اور کئی منظوریاں دی گئیں۔

کمیٹی نے کراچی میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے قومی گرڈ سے ‘کے الیکٹرک’ کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کی پاور ڈویژن کی تجویز کی منظوری دی۔

سابق فاٹا کے 7 قبائلی اضلاع کو رمضان المبارک میں اضافی بجلی کی فراہمی کے لیے ٹرائیبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کو 1.8 ارب روپے کی زرتلافی فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔

پاور ڈویژن کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ سابق قبائلی ایجنسیوں میں گھریلو صارفین کے بجلی بلوں کی ادائیگی کے لیے حکومت ہر ماہ 1.3 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سعودی فنڈ برائے ترقی گرانٹ کے تحت مختلف منصوبوں کی تعمیر پر ٹیکس کی چھوٹ دینے سے متعلق تعمیرنو و بحالی اتھارٹی کی تجویز منظور کر لی۔

سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی و ریسرچ نے کمیٹی کو ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب میں گندم کی خریداری کا کام صوبائی حکومت اور پاسکو کی نگرانی میں احسن انداز میں جاری ہے۔

کمیٹی نے مالی سال 19-2018 کے لیے 158.5 ارب روپے مالیت کی 51 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم کی خریداری کی تجویز کی منظوری دی۔

وزارت سمندی امور کی تجویز پر غیر منافع بخش فلاحی اداروں کی جانب سے ضرورت مندوں اور مستحقین کے لیے کام کرنے والے اداروں کے لیے چاول کے کنسائنمنٹس کو اسٹوریج اخراجات سے مستثنیٰ قرار دینے کی تجویز کی منظوری بھی دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے تکنیکی ضمنی اور ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google

WordPress Video Lightbox Plugin