fbpx
پاکستان سیاست

فواد چوہدری جیت گئے، ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کو عہدے سے برطرف کردیا گیا

پی ٹی وی کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق پی ٹی وی کے ڈائریکٹر ایڈمن حسان عماد محمدی کو مینیجنگ ڈائریکٹر کی غیر موجودگی میں انتظامات سنبھالنے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری کے مہینے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے پی ٹی وی کو لکھے گئے خط میں پی ٹی وی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور مالی حالات کو بہتر بنانے میں ناکامی پر ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ پی ٹی وی کا خسارہ بڑھ رہا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خسارے میں کمی لانے کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی تیار نہیں کی گئی، اگر معاملات اس ہی طرح چلتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب سرکاری ٹی وی چینل کو بند کرنا پڑے گا۔

فواد چوہدری نے اپنے خط میں پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ارشد خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ میں اعلیٰ عہدوں پر آپ سمیت کچھ افسران کو پرکشش تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا جس کی وجہ سے کم تنخواہ لینے والے ملازمین اور پنشنرز میں خفگی کا عنصر پایا جاتا ہے۔

بعد ازاں اس ہی مہینے کے آخر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کی دعوت پر ان کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی تھی جس میں پی ٹی وی بحران سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی غیر قانونی طور پر ہوئی جس پر فواد چوہدری نے ان کے موقف کو سراہا تھا۔

چند روز بعد ہی وزیر اعظم آفس سے ایک خط جاری کیا گیا جس میں وزارت اطلاعات و نشریات سے سرکاری ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے لیے امیدوار کے انتخاب کے اختیارات لے کر پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اس اہم عہدے پر تعیناتی کے اختیارات سونپ دیے گئے تھے۔


پاک ایشیاء ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ ہماری صحافت کو سرکاری اور کارپوریٹ دباؤ سے آزاد رکھنے کے لیے  مالی تعاون کیجیے نیز اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں اور شیئر کر کے ہماری حوصلہ افزائی کریں

About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WordPress Video Lightbox Plugin