شوبز فلم

سسپنس سے بھرپور فلم “اِتفاق” کا ٹریلر ریلیز ہو گیا

راجیش کھنہ کی 1969 میں رہلیز ہونے والی فلم “اتفاق” کے ریمیک کے پوسٹرز حال ہی میں شیئر کیے گئے تھے، جس میں بولی وڈ اداکار اکشے کھنہ، سدھارتھ ملہوترا اور سوناکشی سنہا اداکاری کر رہے ہیں- پوسٹرز کو دیکھنے کے بعد مداح فلم کے ٹریلر کی ریلیز کا انتظار بےصبری سے کررہے تھے اور اب آخر کار فلم کا پہلا ٹریلر بھی سامنے آگیا ہے۔ عموماً فلموں کے ریمیکس متاثر کرنے میں ناکام رہتے ہیں، مگر اس فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ فلم یقیناً باکس آفس پر شان دار بزنس کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم قتل کے ایک پُر اسرار واقعے پر مبنی ہے، جس میں سدھارتھ ملہوترا اور سوناکشی سنہا دونوں ہی  مظلوم بھی  اور مجرم بھی نظر آرہے ہیں۔ جبکہ اکشے کھنہ نے سنجیدہ پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا جو   یہ پتا لگائیں گے کہ آخر سچ کون بول رہا ہے؟

ابھے چوپڑ فلم کے ہدایات کار ہیں  جبکہ شاہ رخ خان اور کرن جوہر نے  پروڈکشن کا ذمہ  اٹھایا ہے۔  شاہ رخ خان بھی اس فلم میں اداکاری کرنے والے تھے تاہم اپنے مصروف شیڈول کے باعث انہوں نے فلم میں  کام کرنے  سے معذرت کرلی ۔ ان کا اس حوالے سے  کہنا تھا کہ ’میں نے اس کا اسکرپٹ سنا اور میں  یہ فلم کرنا چاہتا تھا،  لیکن میں دوسری فلموںمیں  کام کی وجہ سے اس فلم کے لیے وقت نہیں نکال پا رہا تھا، لیکن جو ٹیم اس وقت اس فلم میں کام کررہی ہے وہ بہترین ہے‘۔

مداح یقیناً اس ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی ریلیز کا بھی بےصبری سے انتظار کریں گے جو کہ رواں سال 3 نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

اگر 1969 کی فلم ’اتفاق‘ کی بات کی جائے تو اس فلم میں راجیش کھنہ نے ایک پینٹر کا کردار ادا کیا تھا جن پر اپنی اہلیہ کے قتل کا الزام تھا اور فلم اس سال کی کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی۔

Tags

About the author

admin

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.