دنیا کرکٹ

آسٹریلیا میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان بھارتی ٹیم پر جملے کسنے والے تماشائیوں کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میلبرن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان بھارتی ٹیم پر نسل پرستی پر مبنی جملے کسنے والے تماشائیوں کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔

میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کے مشہور ’بے 13‘ سے کچھ شائقین نے بھارتی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے آوازیں کسیں کہ ’ہمیں اپنا ویزا دکھاؤ‘ جبکہ اسٹیڈیم کے مختلف حصوں سے بھارتی شائقین نے بھی شکایت کی کہ انہیں بھی نسل پرستانہ جملے کسے گئے۔

مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے جملے کسنے والے شائقین کی ویڈیو کرکٹ آسٹریلیا کو فراہم کی جنہوں نے یہ ویڈیو وکٹوریہ پولیس اور گراؤنڈ کی مینجمنٹ کو فراہم کردی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے میچز میں شائقین، کھلاڑیوں یا اسٹاف کی جانب سے کسی بھی قسم کی تضحیک یا نسل پرستانہ حرکت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور شائقین اس حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت اسٹیڈیم اسٹاف یا سیکیورٹی سے کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی اور وکٹوریا پولیس نے ایک خاص حصے میں موجود شائقین کے رویے کا جائزہ لینے کے بعد انہیں نامناسب رویے کا مظاہرہ کرنے پر اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم میچ کے بقیہ حصے میں بھی شائقین کے رویے کا جائزہ لیتے رہیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیڈیم میں داخلے اور ٹکٹ دینے کی شرائط میں واضح طور پر نسل پرستانہ جملوں سمیت کسی بھی قسم کے نامناسب رویے کا مظاہرہ نہ کرنے کا انتباہ دیا ہوا ہے اور ایسا کرنے کی صورت میں واضح طور پر درج ہے کہ مذکورہ فرد کو اسٹیڈیم سے باہر نکالنے سمیت طویل عرصے تک اس کے اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔


پاک ایشیاء ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ ہماری صحافت کو سرکاری اور کارپوریٹ دباؤ سے آزاد رکھنے کے لیے مالی تعاون کیجیے نیز اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں اور شیئر کر کے ہماری حوصلہ افزائی کریں

About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WordPress Video Lightbox Plugin