fbpx
پاکستان سیاست

تحریک انصاف کی حکومت نے واشنگٹن کو منہ توڑ جواب دیا تو اب اس نے پاکستان کو خط لکھ ڈالا، وزیرِاعظم عمران خان

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو افغان طالبان سے بات چیت کرنے اور انہیں مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان کی ضرورت پڑ گئی۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزیرِاعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے انہیں خط لکھ کر طویل المدتی مسئلے کے حل کے لیے کوششیں کرنے کی درخواست کی۔

نجی ٹی وی چینل کے اینکر حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے انہیں بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں خط لکھا ہے اور افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اسلام آباد سے مدد مانگ لی۔

اینکر نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے واشنگٹن کو اس معاملے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے حامد میر کو بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اس حوالے سے روابط قائم ہیں، تاہم پاکستان بھی اس ضمن میں خلوص، نیت کے ساتھ کوشش کرے گا۔

حامد میر کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کا نمائندہ خصوصی برائے افغان امور بھی اسی سلسلے میں بات چیت کے لیے اسلام آباد آئے گا۔

اینکر پرسن سے بات کرتے ہوئے وزیرِا عظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ماضی میں امریکا سے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے واشنگٹن کو منہ توڑ جواب دیا تو اب اس نے پاکستان کو خط لکھ ڈالا۔

فواد چوہدری کی تصدیق

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بھی امریکی صدر کی جانب سے وزیرِاعظم عمران خان کو خط موصول ہونے کی تصدیق کردی۔

رائٹرز سے بات کرتے ہوئے وزیرِاطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کو خط لکھا ہے اور انہوں نے پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد مانگی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خط میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’امریکا کے لیے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات اور افغان تنازع کا حل نکالنا دونوں ہی اہمیت کے حامل ہیں‘۔

دفترخارجہ کا اس پر بات کرنا بہتر ہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وزیر اعظم عمران خان کے نام خط پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر کا خط دیکھا ہے اس خط میں دونوں طرف بات کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پر دفتر خارجہ کی جانب سے بات کرنا ہی بہتر رہے گا۔

ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی نشریاتی ادارے ‘فوکس نیوز’ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے امریکی امداد روکے جانے کا دفاع کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان نے اب تک امریکا کے لیے کچھ نہیں کیا۔

امریکی صدر کے بیان کے بعد پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر مشاہد حسین سید سمیت متعدد سیاست دانوں نے یک زبان ہوکر امریکا کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ چاہے چین ہو یا ایران، امریکا کی تنہا کرنے کی پالیسیاں پاکستان کی حکمتِ عملی کے مفادات پر اثر انداز نہیں ہوتیں۔

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی ناظم الامور پال جونز کو دفتر خارجہ طلب کرکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا۔


پاک ایشیاء ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ ہماری صحافت کو سرکاری اور کارپوریٹ دباؤ سے آزاد رکھنے کے لیے مالی تعاون کیجیے نیز اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں اور شیئر کر کے ہماری حوصلہ افزائی کریں

About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WordPress Video Lightbox Plugin