پاکستان کرکٹ

دبئی ٹیسٹ ، ون مین شو : یاسر شاہ کی 14وکٹیں، تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان اننگز اور 16رنز سے کامیاب

دبئی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

یاسر شاہ دوسری اننگز میں بھی کامیاب بولر رہے، انہوں نے 6 کیوی کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 14 کھلاڑی آؤٹ کیے۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز فالوآن کا شکار ہونے والی کیوی ٹیم نے 131 رنز 2 کھلاڑیوں آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو 44 رنز پر موجود لیتھم اپنے اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ ہی کرسکے اور 146 کے اسکور پر کیوی ٹیم کی 3 وکٹیں گر گئیں۔لیتھم کے آؤٹ ہونے کے بعد روس ٹیلر اور آگلے آنے والے بیٹسمن ایم نیکولز نے کیوی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 198 کے مجموعی اسکور پر روس ٹیلر بلال آصف کی گیند پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔روس ٹیلر کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے آنے والے بیٹسمن نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور کھانے کے وقفے تک کیوی ٹیم نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لیے تھے۔کھانے کے وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو دونوں بلے باز اسکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 255 کے مجموعی اسکور پر بی جے ویٹلنگ 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کیوی ٹیم کے کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں۔ 270 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کا چھٹا کھلاڑی، 285 پر ساتواں، 301 پر آٹھواں جبکہ 311 پر نواں اور 312 پر آخری کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 6، حسن علی نے 3 جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل گزشتہ روز یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ نے پوری نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلی اننگز میں صرف 90 رنز پر آؤٹ کردیا تھا۔یاسرشاہ نے پہلی اننگز میں 41 رنز کے عوض نیوزی لینڈ کی 8 وکٹیں حاصل کی تھی، جس کے باعث کیوی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔خیال رہے کہ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز حارث سہیل اور بابراعظم کی شاندار سنچریوں کی مدد سے 5 وکٹوں پر 418 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی۔


پاک ایشیاء ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ ہماری صحافت کو سرکاری اور کارپوریٹ دباؤ سے آزاد رکھنے کے لیے مالی تعاون کیجیے نیز اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں اور شیئر کر کے ہماری حوصلہ افزائی کریں

About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.