fbpx
کرکٹ کھیل

مشکوک ایکشن کے حامل باؤلرز کے ٹیسٹ اب پاکستان میں بھی ہو سکیں گے ، تکنیکی خامیاں دور کرنے پر بھی کام کیا جائے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے آئی سی سی نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں  قائم  لیب کو منظوری دے دی ہے جس کے بعد اس میں کھلاڑیوں کے باؤلنگ ایکشن میں تکنیکی خامیاں دور کرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔

اس لیب کے  قیام کے بعد آئی سی سی عالمی سطح پر مشکوک باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کا پانچواں سینٹر بن گیا ہے۔

اس سے قبل نیشنل کرکٹ سینٹر برسبین، لف برا یونیورسٹی، چنئی میں شری راما چندرا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پریٹوریا وہ سینٹرز ہیں جہاں مشکوک اور غیرقانونی ایکشن کے حامل کھلاڑیوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

ٹیسٹ سینٹر کا بنیادی مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں رپورٹ ہونے والے قومی کھلاڑیوں کے باؤلنگ ایکشن کو درست کرنا ہے اور اس سینٹر کی بدولت پی سی بی کو کھلاڑیوں کا بائیو مکینیکل جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر جیوف ایلرڈائس نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے لمز کے اشتراک سے بائیو مکینیکل لیب کے لیے مقررہ معیار کو پورا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس لیب کی منظوری پی سی بی کی مشکوک اور غیرقانونی باؤلنگ ایکشن سے نمٹنے کی حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔

لمز کی سہولیات کی تشخیص کے لیے ایک معیار رکھا گیا تھا جس میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے اپنے پورے رن اپ سے گیند کرنے کے لیے ان ڈور ایریا کی دستیابی شامل ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ 12 ہائی اسپیڈ کیمروں کی مدد سے تین مختلف زاویوں سے ڈیٹا اکٹھا کرنا اور مخصوص سسٹم کو استعمال کرنے کے لیے قابل ماہرین کی موجودگی بھی معیار پر پورا اترتی ہے۔

عالمی سطح کے دیگر چاروں سینٹرز کی طرح لاہور میں بھی باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کے لیے سامان اور سافٹ ویئرز آئی سی سی نے فراہم کیے ہیں۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.