fbpx
تھیٹر شوبز فن کار

تھیٹر کے نامور فن کار اشرف راہی 65 سال کی عمر میں راہی ملک عدم ہو گئے

اسٹیج ڈراموں، ٹی وی اور فلموں میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے پاکستان کے نامور کامیڈی اداکار اشرف راہی 65 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

پاک ایشیاء کے نمائندے خرم شیرازی کے مطابق اداکار کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد فوری طور پر لاہور کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

وہ گزشتہ کئی سالوں سے ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریوں کا شکار بھی تھے۔

اشرف راہی کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی گئی جہاں ان کے رشتہ داروں اور محلے داروں کے علاوہ کچھ اداکاروں نے بھی شرکت کی۔

اشرف راہی کے ساتھی اداکاروں نے ان کی وفات کو شوبز کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔

واضح رہے کہ اشرف راہی اسٹیج اداکار کی حیثیت سے گزشتہ 4 دہائیوں سے پاکستانی شوبز انڈسٹری کا حصہ رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں 3 ہزار سے زائد ڈراموں میں کام کیا، جبکہ ‘عینک والا جن’ اور ‘خوفیہ جزیرہ’ ان کے مقبول ڈراموں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

اشرف راہی ‘مہندی والے ہاتھ’ نامی فلم میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں جبکہ انہوں نے ایک بھارتی پروجیکٹ ‘پنجاب دی کڑی’ میں بھی کام کیا۔

مزاح اور جملوں کی برجستہ ادائیگی میں منفرد مقام رکھنے والے اشرف راہی نے ‘شرطیہ مٹھے’، ‘مس رانگ کال’، ‘ماہی مینوں چھلا پوا دے’ اور ‘مجاجن’ جیسے پروجیکٹس میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

مرحوم اشرف راہی نے سوگواران میں تین بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔


اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں


لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی“ کے آپشن یا یہاں کلک کریں