fbpx
حادثہ دنیا

قزاقستان: مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 15 افراد ہلاک

وسطی ایشیا کے ملک قزاقستان میں جمعہ کی صبح ایک مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں اب تک 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ایئر پورٹ حکام کے مطابق قزاقستان کی فضائی کمپنی بیک ایئر کا ایک مسافر طیارہ آلماتی کے ہوائے اڈے سے پرواز کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد زمین پر آ گرا۔

طیارے میں 93 مسافر اور عملے کے پانچ اہلکار سوار تھے اور اس کی منزل قزاقستان کا دارالحکومت نور سلطان تھی۔

آٹھ بچوں سمیت کم از کم 60 زخمی افراد کو مقامی ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔

قزاقستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔

Kazakhstan plane crash - PAKasia

’جہاز میں کوئی چیخ و پکار نہیں ہوئی‘

تینگری نیوز کے مطابق حادثے میں بچ جانے والی مرال عرمان کا کہنا ہے کہ جہاز اڑتے ہی ڈگمگانے لگا۔

وہ کہتی ہیں کہ ’پہلے ایسے محسوس ہوا جیسے جہاز لینڈ کر گیا ہو لیکن دراصل ہم کسی چیز سے ٹکرا گئے۔‘

مرال نے بتایا کہ جہاز کے عملے نے خارجی دروازے کھول دیے تاکہ مسافر جہاز سے باہر نکل سکیں۔ ’جہاز میں زیادہ افراتفری نہیں مچی۔ کوئی چیخ و پکار نہیں ہوئی۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ بعد میں انھوں نے دیکھا تو جہاز کے ’دو ٹکرے‘ ہو چکے تھے۔

Kazakhstan plane crash - PAKasia

حادثہ کب اور کیسے پیش آیا؟

مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر 22 منٹ پر جہاز کی بلندی میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ جہاز پہلے ایک پتھر کے بیریئر سے ٹکرایا اور پھر ایک دو منزلہ عمارت میں جا لگا تاہم اس میں آگ نہیں لگی۔

جہازوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے والی ویب سائیٹ فلائیٹ ریڈار24 کا کہنا ہے کہ جہاز نے مقامی وقت کے مطابق سات بج کر 21 منٹ پر اڑان بھری اور جہاز کی طرف سے آخری سگنل بھی اسی منٹ میں موصول ہوا۔

Kazakhstan plane crash - PAKasia

فلائیٹ ریڈار24 کے مطابق بیک ایئر فلائیٹ ایک فوکر 100 طیارہ تھا۔

Kazakhstan plane crash - PAKasia

حکومتی ردِعمل

قزاقستان کے صدر قاسم جومارٹ ٹوکائیو نے متاثرین کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حادثے کی تحقیقات کے لیے خاص کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

Kazakhstan plane crash - PAKasia


اس خبر کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں کریں


لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی“ کے آپشن یا یہاں کلک کریں