fbpx
پاکستان سیاست

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنےکو مشروط کرنےکا حکومتی فیصلہ متعصبانہ رویےاور سیاسی انتقام پر مبنی ہے : مسلم لیگ نون

مسلم لیگ (ن) نے قائد نواز شریف کے بیرون ملک علاج کی شرط کا حکومتی فیصلہ مسترد کردیا۔

وفاقی وزیر قانون اور معاون خصوصی احتساب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ عمران خان کے متعصبانہ رویے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی عدالت سے ضمانت کے وقت تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے جاچکے ہیں لہٰذا ان کا نام ‘ای سی ایل’ سے نکالنے کو مشروط کرنا حکومت کا ناقابلِ فہم فیصلہ ہے اور عدالت کے اوپر ایک حکومتی عدالت نہیں لگ سکتی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے اور سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا حکومتی فیصلہ منظور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت نواز شریف کی صحت کی سنگینی کا اعتراف کر رہی ہے اور دوسری جانب انتہائی ریاکاری اور بدنیتی سے ان کے بیرونِ ملک فوری علاج میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سیاسی محاسبت میں کبھی کسی کی زندگی کے ساتھ اس طرح نہیں کھیلا گیا جبکہ نواز شریف کے علاج میں ہر لمحہ انتہائی قیمتی ہے اور اسے تاخیری حربوں کی نظر کرنا بدترین ظلم اور زیادتی ہے۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google