fbpx
پاکستان سانحہ

کراچی سے راولپنڈی جانے والی “تیز گام” میں علی الصباح لیاقت پور کے قریب خوفناک آتشزدگی، 74 افراد جان کی بازی ہار گئے

کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے قریب گیس سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

بدقسمت ٹرین کو حادثہ صبح 6:15 منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا۔

قبل ازیں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے 64 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جاں بحق افراد میں سے کسی کی بھی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ کی شدت بہت زیادہ تھی جس نے تیزی سے ساتھ کی بوگیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے قریبی شیخ زید ہسپتال، بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال اور ملتان کے اٹالین برن یونٹ منتقل کیا گیا جبکہ ضلع بھر کے دیگر ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے

حکام کا کہنا تھا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3 میں موجود سلنڈر پھٹنے سے لگی جس نے تیزی سے مزید 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرہ بوگیوں میں سوار مسافر رائیونڈ اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے اور آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والی 2 بوگیاں خصوصی طور پر بک کروائی گئی تھی۔

متاثرہ بوگیوں میں زیادہ تر مرد حضرات سوار تھے جن کے پاس کھانا بنانے کے لیے سلنڈر بھی موجود تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے ٹرین میں دھماکا ہوا جس کے آواز سن کر دیگر مسافر تخریب کاری کے خطرے کے پیشِ نظر چلتی ہوئی ٹرین سے کود گئے۔

حکام کے مطابق چلتی ٹرین سے ریلوے ٹریک کے قریب پتھروں پر کودنے کے باعث زیادہ مسافر زخمی ہوئے جن میں 3 سے 4 خواتین بھی شامل ہیں۔

حادثے کے بعد سب سے پہلے مقامی افراد نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 13 افراد ٹرین سے چھلانگ لگانے اور مختلف وجوہات کی بنا پر جبکہ مجموعی طور پر 64 افراد جاں بحق جبکہ 33 افراد زخمی ہوئے۔

بعدازاں ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متاثرہ کوچز میں مہراب پور نواب شاہ اور حیدرآباد سے مسافروں سوار کروایا گیا۔

اس کے ساتھ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے 15 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ مسافروں کا سامان چیک کرنے کی سہولت صرف بڑے اسٹیشنز پر موجود ہے باقی چھوٹے اسٹیشنز پر مسافروں کے سامان کی تلاشی لینے کا کوئی نظام نہیں۔

انہوں نے کہا ریلوے میں یہ روایت موجود ہے کہ تبلیغی جماعت کے لیے امیر کے نام پر بوگی بک کرلی جاتی تھی جبکہ ہر مسافر کی تفصیلات نہیں لی جاتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرین کی اکانومی کلاس میں موجود 2 سلنڈر پھٹنے سے بوگیوں میں آگ لگی، جس پر تبلیغی جماعت کے افراد ناشتہ بنارہے تھے اس کے ساتھ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2 گھنٹے میں ٹریک بحال کردیا جائے گا.

حادثے کے سبب دیگر ٹرینوں کو ان کے قریبی اسٹیشنز پر ہی روک دیا گیا جبکہ اسی ٹریک پر آنے والی بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کو لیاقت پور سے قبل خان پور اسٹیشن پر روکا گیا۔

دوسری جانب ریلوے حکام کے مطابق ٹرین میں سلنڈر لے جانے کی قطعاً اجازت نہیں ہے اور تحقیقات کے بعد اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت کے باعث مسافر ٹرین میں سلنڈر لے کر سوار ہوئے۔

بوگیوں میں سوار افراد کی شناخت ریلوے کے پاس نہیں، حکام

اس ضمن میں ڈویژنل کمرشل آفیسر جنید اسلم نے جیو ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ متاثر ہونے والی 2 بوگیاں اکانومی جبکہ ایک بزنس کوچ تھی اور ایک بوگی امیر حسین جبکہ دوسری جماعت کے نام پر بک کروائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے لیے بوگیاں کسی ایک شخص کے نام پر بوگیاں بک کروالی جاتی ہیں اور باقی تفصیلات ان کے امیر کے پاس ہوتی ہیں جس کے باعث تمام مسافروں کی شناخت فراہم نہیں کی جاسکتی البتہ انہوں نے یہ ضرور بتایا کہ ایک بوگی میں 78 جبکہ دوسری بوگی 77 افراد کے لیے بکنگ کروائی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بزنس کلاس بوگی میں 54 افراد کی بکنگ کروائی گئی تھی جس میں مختلف افراد سوار تھے۔

حادثے کے بارے میں جیو ٹی وی سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ریلویز سکندر سلطان کا کہنا تھا کہ ٹرین میں سلنڈر کا مٹی کا تیل لے جانے کی اجازت نہیں اور اس کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے کہ ٹرین میں مسافر سلنڈر لے کر کیسے سوار ہوئے۔

Image result for tezgam train fire

امدادی کارروائیوں کیلئے پاک فوج کی معاونت

رحیم یار خان میں تیز گام ایکسپریس میں خوفناک آتشزدگی پر پاک فوج کی امدادی ٹیمیں بھی سول انتظامیہ کی معاونت کررہی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جائے حادثہ پر ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے پاک فوج کے دستے، ڈاکٹرز اور طبی عملے کو روانہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید زخمیوں کومنتقل کرنے کے لیے ملتان سے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی روانہ کیا گیا۔

سانحے کی تحقیقات کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے سانحہ تیزگام پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری تمام ہمدردیاں غم میں ڈوبے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی جلد شفایابی کے لیے دعاگو ہوں

وزیراعظم نے بتایا کہ حادثے کی فوری تحقیقات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات صادر کیے جاچکے ہیں۔

اس سے قبل سانحہ تیز گام کے حوالے سے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے علیحدہ علیحدہ بیان جاری کرتے ہوئے تیزگام ایکسپریس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا

وزیراعظم نے بتایا کہ حادثے کی فوری تحقیقات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات صادر کیے جاچکے ہیں۔

اس سے قبل سانحہ تیز گام کے حوالے سے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے علیحدہ علیحدہ بیان جاری کرتے ہوئے تیزگام ایکسپریس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا۔

مقدمہ درج

پاکستان ریلوے پولیس نے سانحہ تیز گام کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی ہے جس میں واقعے کی بنیادی وجہ گیس سلنڈر کا پھٹنا قرار دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایات پر آئی جی ریلوے پولیس واجد ضیا نے تحقیقات کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

دوسری جانب واقعے کا مقدمہ ٹرین گارڈ محمد سعید کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمہ نمبر 19/46 کا اندراج تھانہ ریلوے پولیس خان پور ملتان ڈویژن میں کیا گیا۔

مقدمہ ریلوے ایکٹ کی دفعہ 126 اور تعزیرات پاکستان کی دفعات 427 اور 436 کے تحت کیا گیا ہے۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google