fbpx
پاکستان کشمیر اپ ڈیٹس

بھارت نے رواں برس 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگوں کو محصور کررکھا ہے، عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل، اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارتی قبضے کے 72 برس مکمل ہونے پر 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔

ادھر حریت رہنما سید علی گیلانی کی کال پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے جبکہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے قبل نافذ کیے گئے کرفیو کو 84 روز ہوچکے ہیں۔

بھارتی حکام کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آج بھی انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کی گئی ہے جبکہ کاروبار زندگی معطل ہے۔

 صدرِ مملکت عارف علوی نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی کئی قراردادوں میں اقوام متحدہ کے تحت ایک منصفانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو برقرار رکھا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رواں برس 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگوں کو محصور کررکھا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی قابض فوج خواتین اور بچوں سمیت کشمیری عوام کے خلاف ناقابل بیان جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اور انہیں اس حوالے سے مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔

یومِ سیاہ کے موقع وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947کو بھارت نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم کیا اور اس سال 5 اگست کو مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کیلئے مقبوضہ وادی کی متنازع حیثیت تبدیل کردی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، کشمیری عوام اور امت مسلمہ نے بھارت کے اس اقدام کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فوری طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو اور ذرائع ابلاغ کے بلیک آؤٹ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے

وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم عالمی برادری سے اصرار کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام اور آزادی کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرے‘۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا‘۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google