fbpx
پاکستان تازہ خبر

بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، خاتون اور بچہ شہید

 بھارتی شیلنگ سے نکیال سیکٹر کے علاقے کوٹلی میں 60 سالہ خاتون اور 13 سالہ بچہ شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز کی شہری آبادی کونشانہ بنایا جس میں 3 شہری بھی زخمی ہوئے۔

کوٹلی کے ایس ایس پی راجا محمد اکمل نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ اور شیلنگ کا آغاز 3 بجے شروع ہوا تھا جس کا سلسلہ ساڑھے چھ بجے تک جاری رہا۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ شیلنگ سے دو گھر بھی متاثر ہوئے اور 60 سالہ سلامت بی بی، 30 سالہ رضیہ بی بی سمیت 15 سالہ ذیشان ایوب زخمی ہوگئے۔

سلامت بی بی کے بیٹے چوہدری خورشید نے فون پر بتایا کہ ان کی والدہ پڑوسی کے گھر میں تھیں اور اسی دوران بھارتی شیلنگ سے پڑوسی کا گھر نشانہ بنا۔

خیال رہے کہ بھارتی فورسز نے آبادی کو ایسے وقت پر نشانہ بنایا جب وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد پاکستان پہنچے ہیں۔

دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں عالمی برادری کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر بھارت نے کچھ غلط کیا تو ہم آخر تک لڑیں گے اور اس کے نتائج سوچ سے کہیں زیادہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے اور خاص طور پر مقبوضہ جموں اور کشمیر کے حوالے سے بھارت کے یک طرفہ اقدام کے بعد ایل او سی پر بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

بھارتی فوج ایل او سی پر جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے اس سے قبل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے بھی نشانہ بنایا تھا۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google