fbpx
پاکستان سیاست

پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے اور مجھے پاکستان کی مسلح افواج پر فخر ہے، ڈاکٹر عارف علوی

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرتا رہے گا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی میں ‘شمشیرِ بحر سیون’ اور ‘ترسیل بحر ٹو’ بحری مشقوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے اور مجھے پاکستان کی مسلح افواج پر فخر ہے۔

صدر مملکت کو بحری مشقوں کی افتتاحی تقریب کے دوران پاک بحریہ کی جنگی اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی جانب سے بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 ‘اے’ کے خاتمے کے غیر قانونی اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے فاشسٹ کنٹرول نافذ کرنے کی یہ کوشش مقبوضہ کشمیر میں اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر سنگین اثرات مرتب کرے گی جس سے جنوبی ایشیائی اور عالمی امن بھی متاثر ہوگا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر ممکنہ حد تک سیاسی اور سفارتی محاذ پر بھارتی مظالم کا بھرپور جواب دیتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار سمندر کے ذریعے بلاتعطل تجارت پر ہے اور اس سلسلے میں پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تینوں مسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندے شمشیر بحر مشق میں حصہ لیں گے۔

شمشیر بحر مشق ہر 2 سال بعد منعقد ہوتی ہے اور اس کا مقصد عملی سطح پر نظریاتی تجزیہ کرنا ہوتا ہے جسے بعد میں بحری حکمت عملی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں افواج پاکستان کے اعلیٰ حکام اور وفاقی وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google