fbpx
پاکستان کرائم سٹوری

کراچی میں 7 سالہ بچی سے ریپ کا ملزم گرفتار

کراچی: پولیس نے شرافی گوٹھ میں 7 سالہ بچی کا مبینہ ریپ کرنے والے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔

 ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کو گرفتار کیا، جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بچی کار ریپ کرنے کا ‘اعتراف’ کرلیا۔

حکام کے مطابق ملزم کم عمر لڑکی کو ملیرندی سے دور جھاڑیوں میں لے گیا تھا، جہاں اسے مجرمانہ فعل کا نشانہ بنایا تھا۔

ادھر ایک اور پولیس افسر شرافی گوٹھ کے ایس ایچ او فہد حسن کا کہنا تھا کہ ملزم کی عمر تقریباً 16 سال ہے اور وہ علاقے میں دکاندار کے طور پر کام کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ 20 اگست کو رات ساڑھے 8 بجے کے قریب ہوا، تاہم ملزم نے بچی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اپنے گھر والوں کو بتایا تو وہ اسے قتل کردے گا۔

تاہم واقعے کے 2 روز بعد متاثرہ بچی نے اپنی پڑوس کی خاتون کو بتایا، جس پر انہوں نے یہ بات بچی کی والدہ کو بتائی۔

بعد ازاں جمعرات کی رات کو بچی کے اہل خانہ نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا) کے تحت ایف آئی آر (2019/266) درج کروائی، جس کے بعد جمعہ کو ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی کا کہنا تھا کہ لڑکی کو گزشتہ شب جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لایا گیا تھا، جہاں جمعہ کی صبح اس کا طبی معائنہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر لڑکی کو ‘ڈیجیٹل پینیٹریشن’ کا نشانہ بنایا گیا اور مزید نمونے کیمائی معائنے کی رپورٹ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ تفتیش کے پیش نظر جے پی ایم سی میں ملزم کے نمونے بھی لے لیے گئے۔

ملک میں بچوں اور لڑکیوں کے ریپ کے واقعات پر نظر ڈالیں تو کچھ عرصے سے اس میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ دنوں پنجاب کے شہر جہلم میں ایک 6 سالہ بچی کو مبینہ ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

قبل ازیں راولپنڈی پولیس نے 45 لڑکیوں کو اغوا کر کے انہیں ریپ کا نشانہ بنانے والے میاں بیوی کو گرفتارکرلیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا شوہر نے انکشاف کیا کہ اس کی اہلیہ لڑکیوں کو ورغلا کر گلستان کالونی میں واقع کرائے کے گھر میں لے جاتی تھی جہاں وہ انہیں ریپ کا نشانہ بناتا اور اہلیہ ویڈیوز بناتی تھی۔

اس سے قبل ماہ مئی میں کراچی میں ہی پولیس نے کم عمر لڑکی کے ریپ کی تصدیق ہونے پر متاثرہ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔


About the author

عدیل رحمان (معاون مُدیر)

عدیل رحمان پاک ایشیاء میں بطور معاون مُدیر کے طور پر اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں- یہ پاک ایشیاء کے ابتدائی ساتھیوں میں سے ایک ہیں اور انتہائی جانفشانی سے کام کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں منفرد تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کا اظہار اکثر اُن کی خبروں کی سُرخیوں سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.




From Google